ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گؤرکشاکے نام پر غنڈہ گردی روکیں گے رام ولاس پاسوان

گؤرکشاکے نام پر غنڈہ گردی روکیں گے رام ولاس پاسوان

Mon, 08 Apr 2019 11:00:54    S.O. News Service

پٹنہ،8؍اپریل (ایس او نیوز؍ یو این آئی) لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے گؤ رکشا کے نام پر غنڈہ گردی کرنے ، ہجوم کے تشدد معاملے کے قصورواروں پر سخت کارروائی کرنے ، نجی شعبہ میں بھی ریزرویشن کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ کام کے حق کو آئین کے بنیادی حقوق میں جوڑنے کا آج وعدہ کیا۔ایل جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے ایل جے پی کا انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد کہا کہ اگر ان کی پارٹی برسراقتدار آئی تو گؤ رکشا کے نام پر تشدد کرنے والوں کے خلاف تین دنوں کے اندر فردجرم داخل کرکے سزا دلائی جائے گی۔ ہجومی تشدد کے معاملے میں قصوروار پائے گئے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پاسوان نے کہاکہ حکومت میں آنے پر پارٹی نجی شعبہ میں بھی ریزرویشن کا نظام نافذ کرے گی۔ کام کے حق کو بنیادی حقوق میں شامل کرے گی جس سے ملک میں نوجوانوں کو روزگار کی گارنٹی مل سکے ۔ درج فہرست ذات و قبائل اور اعلیٰ طبقہ کے لئے پبلک سیکٹر اور نجی شعبوں میں ریزرویشن نظام کا التزام کیا جائے گا اس کے علاوہ کام کے حق کو آئین کے بنیادی حقوق میں جوڑا جائے گا۔ایل جے پی کے صدر نے کہا کہ فرقہ پرستی پھیلانے کے مقصد سے اشتعال انگیز تقریر کرنے یا آرٹیکل لکھنے کے ساتھ ہی فرقہ وارانہ فساد کرنے اور کرانے والوں کو سخت سزا دلائی جائے گی۔ فسادات کی جانچ کے لئے عارضی ٹریبونل بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حق کو آٹھویں کلاس سے سیکنڈری سطح تک مفت اور لازمی کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی ایل جے پی منشور میں مہاجرین کی بازآبادکاری، اقلیتوں کی ترقی، عدالتی خدمات میں ریزرویشن ، پارلیمنٹ اوراسمبلی میں خواتین کو 33فیصد ریزرویشن دئے جانے کے بھی وعدے کئے گئے ہیں۔اس موقع پر پاسوان نے کہا کہ ملک میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی لہر چل رہی ہے ۔

2019کے عام انتخابات میں این ڈی اے کو350سے زائد سیٹیں ملنی چاہئیں ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ بہار میں لوک سبھا کی تمام40سیٹیں این ڈی اے کے کھاتے میں ہی جائیں گی کیونکہ مہاگٹھ بندھن کا اس بار انتخابات میں کوئی چیلنج نہیں رہ گیا ہے ۔


Share: